حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاون میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن مجید کو زندگی کا حصہ بناکر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ سردار الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے لوگوں کو سیرت طیبہ کے ذریعے اپنی امانت و دیانت کا کلمہ پڑھایا، تو پھر بعثت نبوت کا اعلان ہوا۔
انہوں نے کہا معاشرے میں قرآن مجید اور سیرت اہل بیت ؑ سے دوری کی وجہ سے تربیت کا فقدان ہے۔اس وقت دنیا بھر میں 57 اسلامی ممالک اور 120 کروڑ مسلمان ہیں مگر اسلامی حکومت یورپی ممالک میں نظر آتی ہے۔جہاں لوگوں کو تمام شہری حقوق میسر اور مساوات پائی جاتی ہے، غریبوں کی امداد کی جاتی ہے، مکان اور علاج معالجہ کی سہولتیں مفت دستیاب ہیں۔ جبکہ ہمارے ہاں ناقص چیزیں ہیں۔ پاکستان میں40 فیصد لوگوں کے پاس ضروریاتِ زندگی میسر نہیں، خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرتے ہیں۔
حافظ ریاض نجفی نے زوردیا کہ عملی اور قانونی مساوات کا خیال کریں، دوسروں کے حقوق اور آزادی کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا پہلے کہا جاتا تھا،برے لوگوں کی راتیں جاگتی اور دن سوتے ہیں۔ ہمارے ہاں تو دکانیں دن 12 بجے کھلتی ہیں اور رات گئے تک شاپنگ جاری رکھی جاتی ہے، بیوی بچوں کو ٹائم نہیں دیتے ہیں، نیند کب کریں گے۔
وفاق المدارس الشیعہ کے صدر نے افسوس کا اظہار کیا کہ مدارس دینیہ میں بھی تربیت پر کم اور پڑھائی پر زیادہ زور دیا جاتا ہے ۔ ہم نے زور دیا ہے کہ قرآن مجید کے ترجمے ، نماز اور پڑھائی کے اوقات کی پابندی کی جائے۔









آپ کا تبصرہ